گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے غزہ القدس ریلی جسکی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا نے کی،ریلی میں تاجر،وکلا، ڈاکٹرز،سماجی رہنما ئوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی،شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز،بینرز اٹھا رکھے تھے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی کی غزہ القدس ریلی شیرانوالہ باغ سے شروع ہو کر سیالکوٹی دروازہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 6ما ہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے،32ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے جس میں 25ہزار سے زائد عورتیں اور بچے شامل ہیں، اسرائیل حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا وہ شکست کھاچکا ہے اسی لیے وہ عام شہریوں پر بمباری کررہا ہے۔ اسرائیل کو مجرمانہ طاقت مسلم حکمرانوں کی خاموشی نے دی ہے، ہم کچھ نہیں کرسکتے لیکن بے غیرت مسلم حکمرانوں کو غیرت دلاسکتے ہیں۔ اسرائیل کو کنٹرول نہ کر کے جنگ کو پھیلانے کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں خواتین وبچوں، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اوراسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت کریں۔ عوام فلسطین فنڈ میں بھی دل کھول کر حصہ لیں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ اہل غزہ و حماس قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے فرض کفایہ ادا کر رہے ہیں۔