شیخوپورہ : مین بازار میں دکانوں ‘مکانوں کی جعلی رجسٹریوں کا انکشاف  

Apr 06, 2024

شیخوپورہ (عظیم علی شیخ، امجد علی سلطانی سے) شیخوپورہ کے مین بازار میں جامع مسجد عیدگاہ سے ملحقہ اربوں روپے مالیت کی دکانوں اور مکانوں کی جعلی رجسٹریاں ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے خلاف محکمہ اوقاف پنجاب کی طرف سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ کلیکٹر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سب جسٹرار آفس شیخوپورہ کی طرف سے ہونے والی جعلی رجسٹریوں کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور ان رجسٹریوں کی بناء پر انتقالات اراضی کا اندراج بھی نہ کیا جائے ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور زون شاہد حمید ورک نے ایک مراسلہ ڈسٹرکٹ کلیکٹر کو تحریری طور پر بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ کے مین بازار میں واقع جامع مسجد عیدگاہ سے ملحقہ محکمہ اوقاف پنجاب کی املاک میں دکانیں اور مکانات شامل ہیں اور محکمہ اوقاف نے 1970میں 59 کنال 13 مرلے اراضی اپنی تحویل میں لی ہوئی ہے جس کے خلاف سابق متولیان نے سیشن کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہوا تھا جہاں سے محکمہ اوقاف کے حق میں جاری شدہ حکم امتناعی خارج ہونے کے بعد محکمہ نے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کر کے دوبارہ سٹے آرڈر حاصل کر لیا مگر اس سے قبل ہی چند لوگوں نے سب رجسٹرار شیخوپورہ کے عملے سے ملی بھگت کر کے رجسٹریاں کروا لیں اور یہ اربوں روپے کی زمین فروخت کر دی۔ اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ لاریب اسلم نے بھی اس بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

مزیدخبریں