خطاطی مسلمانوں کی تہذیبی اور روحانی احساسات کی ترجمان ہے، عرفان صدیقی  

Apr 06, 2024

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ خطاطی مسلمانوں کی تہذیبی اور روحانی احساسات کی ترجمان ہے۔ اس فن کاآغاز نزول وحی کے ساتھ ہو گیا۔ پاکستان اور ترکیہ نے اس فن کی خدمت کا حق ادا کر دیا ہے انھوں نے یہ بات یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان شاخ کے زیر اہتمام قرآنی خطاطی کی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل انھوں نے او آئی سی کے ثقافتی ونگ ارسیکا کے زیر اہتمام ہونے والی بین الاقوامی میں انعام یافتہ خطاطی کے نمونوں کا افتتاح کیایہ نمائش لوک ورثہ میں آئندہ تین روز تک جاری رہے گی۔ یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام لوک ورثہ عثمانی دور کی القدس کی تصاویر کی نمائش بھی جاری ہے انھوں نے کہا کہ اسلامی خطاطی کے سلسلے میں ترکیہ کی خدمات گراں قدر ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ خطاطی کے فن میں اب پاکستانی نوجوان خطاط بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ انھوں نے اس موقع پر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کی پاکستان شاخ کے سربراہ ڈاکٹر خلیل طوقار کی خدمات کی بھی  تعریف کی۔سابق سیکرٹری خارجہ سہیل احمد خان نے اس موقع پر پاک ترکیہ دوستی کی مختلف جہتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ امن عالم اور ترکی میں اشتراک کے ضمن میں یہ دوستی دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

مزیدخبریں