ہم تم اور وہ سیچوایشنل کامیڈی ہے,کہانی اور ڈائیلاگز سننے والوں کو یاد رہ جائیں گے.فلم ڈائریکٹر نعمان جاوید کی خصوصی گفتگو

Apr 06, 2024 | 13:44

عنبرین فاطمہ (نمائندہ نوائے وقت) عید الفطر پر فلم ہم تم اور وہ ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں جنید خان اور آمنہ الیاس شامل ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر اور رائٹر نعمان خان نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تم اور وہ ایک سیچوایشنل کامیڈی ہے، میں اسے رومینٹک کامیڈی نہیں کہوں گا۔ فلم میں دو چیزیں اہم ہوتی ہیں ایک تو اچھی کہانی اور دوسرا چھے ڈائیلاگز۔میں نے اس چیز کو مد نظر رکھا ہے اور کوشش کی ہے کہ ڈائیلاگز ایسے ہوں جو سننے والوں کو نئے بھی لگیں اور وہ اس سے لطف اندو ز بھی ہوں۔پہلے سین سے لیکر آخری سین تک میرا فوکس انہی چیزوں پر رہا۔انہوں نے کہا کہ جن پاکستانیوں کو یہ گلہ ہے کہ پاکستان میں اچھی فلمیں نہیں بنتی ان کے لئے یہ فلم ایک تحفہ ہے۔فلم کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ فلم میں آپ کو سیچوایشنل کامیڈی ہر سین میں نظر آئیگی۔ اداکار جنید خان کو فلم میں کاسٹ کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے جنید خان کی اداکاری سے اس وقت محبت ہوئی جب میں نے ان کو فلم خدا اور محبت میں دیکھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جنید خان انڈر ریٹنگ اداکار ہیں ان کا اداکاری میں جتنا قد ہے وہ اس طرح سے آج تک نہیں دکھایا گیا۔
فلم کا دورانیہ ایک گھنٹہ بیالیس منٹ ہے میں نے زیادہ لمبی فلم نہیں بنائی۔ آمنہ الیاس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے جب میری پراجیکٹ ہیڈ نے آمنہ الیاس کا نام تجویز کیا اور کہا کہ یہ ہماری فلم کے لئے بہترین چوائس ہیں تو میں نے کہا کہ ان کی تصاویر دکھائیں، میں نے دیکھا کہ ان کی ماڈلنگ کی تصاویر تو بہت خوبصورت ہیں لیکن ان کے ڈراموں اور فلموں کو دیکھیں تو وہ اس طرح سے خوبصورت نظر نہیں آرہیں جس طرح سے خوبصورت نظر آنا چاہیے۔ تو میری پراجیکٹ ہیڈ نے کہا کہ انہیں شاید کیمرہ مین نے زیادہ خوبصورت دکھایا نہیں۔ ہم نے آمنہ الیاس کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ان کے ساتھ بات چیت ہوئے میک اپ سیشنز کئے گئے اس کے بعد میں نے اپنے ڈی او پی سے کہا کہ ہر چیز پر کمپرمائز کر لینا لیکن آمنہ الیاس کی خوبصورتی پر کمپرومائز نہیں کرنا، وہ ہر سین میں خوبصورت نظر آنی چاہیں۔ فلم میں آمنہ الیاس پہلے سے لیکر آخری سین تک نہایت خوبصورت نظر آئی ہیں ہر سین میں ان کی لک مختلف نظر آئی ہے اور ایسی لُک شاید ان کی پہلے کبھی کسی نے نہ دیکھی ہو گی۔ نعمان خان نے مزید کہا کہ ہم نے فلم میں پنڈی اور اسلام آباد کی خوبصورت لوکیشن دکھائی ہیں، نالہ لئی کو بہت خوبصورت انداز میں شوٹ کیا ہے۔ میں دعوی کرتا ہوں کہ فلم دیکھ کر شائقین کو مایوسی نہیں ہو گی۔

مزیدخبریں