بھارتی سُپر اسٹارز پاکستانی اداکاروں سے خوفزدہ ہیں: نادیہ خان

Apr 06, 2024 | 20:09

ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و مزبان نادیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی سُپر اسٹارز پاکستانی اداکاروں سے خوفزدہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سیاسی مسائل کو بنیاد بنا کر پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کروائی ہے۔

حال ہی میں نادیہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے جس میں انہوں نے پاکستانی فنکاروں کی بھارت میں مقبولیت اور بالی ووڈ میں ان پر عائد پابندی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اداکار جب بھارت میں شہرت حاصل کرنے لگے اور جب فواد خان جیسے ہمارے اداکاروں نے بھارت میں کام کرنا شروع کیا تو بالی ووڈ کے کچھ بہت بڑے اداکار عدم تحفظ کا شکار ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی عدم تحفظ کا شکار اداکاروں نے اسے سیاسی رنگ دے کر ہمارے فنکاروں پر پابندی عائد کروائی، ایسا نہیں تھا کہ بھارت میں صرف سیاستدانوں کو ہمارے فنکاروں سے مسئلہ تھا بالی ووڈ کے چند ٹاپ اسٹارز کو بھی پاکستانی اداکاروں سے خطرہ تھا اس لئے وہ ان سے ڈر گئے۔

نادیہ خان نے یہ بھی کہا کہ بھارتی اداکاروں کو صرف یہ ڈر نہیں تھا کہ پاکستانی اداکاروں کو فلموں میں کام ملے گا بلکہ انہیں ڈر تھا کہ بھارتی عوام پاکستانیوں کی دیوانی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اداکار اپنی فلموں اور ڈراموں میں نہ اپنی ’باڈی‘ دکھاتے ہیں، نہ لڑائی کے سین کرتے ہیں بلکہ حقیقی معنوں میں اداکار ہیں، اپنی آنکھوں، پرفیکٹ ڈائیلاگ ڈلیوری اور صاف اُردو سے ہی مداحوں کے دل جیت لیتے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بھارتی عوام ہمارے فنکاروں سے عشق کرتی ہے۔

مزیدخبریں