”توانائی بحران کا خاتمہ اور استحکام معیشت اولین ترجیح ہے“

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری چودھری شفیق نے کہا کہ کسی بھی ملک میں صنعت کار اور تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف دن رات لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح توانائی کے بحران کا خاتمہ اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے جس کے لئے صنعت کاروں اور تاجروں کو حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام وفاق ایوان صنعت و تجارت کے زونل آفس طفیل روڈ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت زونل چیئرمین ایف پی سی سی آئی اظہر سعید بٹ نے کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ملکی صنعت کار اور تاجر بہت مشکلات کا شکار ہیں گزشتہ پانچ برس میں توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ موجودہ حکومت کو سابقہ حکومت کا بویا ہوا کاٹنا پڑ رہا ہے لیکن جن طرح وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب چین کے تعاون سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں وہ دن دور ہیں جب پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ تاجروں اور صنعت کاروں کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے باعث پنجاب سمیت پاکستان خوشحال ہو گا۔ بے روزگاری، مہنگائی اور غربت میں کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں نے جن مسائل کا ذکر کیا ہے ان کے حل کیلئے وہ وزیراعلی پنجاب سے خصوصی بات چیت کریں گے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کی حکومت ہے اس لئے ان کے مسائل ہر قیمت پر حل کئے جائیں گے۔ قبل ازیں صنعت کاروں اور تاجروں نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے صوبائی وزیر چودھری شفیق کو آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن