کوئٹہ رجسٹری: چیف جسٹس کو گارڈ آف آنر، پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کا نوٹس

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری بلوچستان ہائیکورٹ میں واقع سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری پہنچ گئے ہیں جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری بلوچستان ہائی کورٹ پہنچے تو بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت وکلااور ڈی آئی جی آپریشن فیاض نے انہیں خوش آمدید کہا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو ر کنی بینچ سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت 17اگست تک کریگا۔ چیف جسٹس پاکستان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے وہ یہاں دو ہفتے قیام کریں گے اور عید الفطر بھی کوئٹہ میں ہی منائینگے۔مزید براں چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کوئٹہ رجسٹری میں مختلف مقامات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر کی عدم تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی سیکرٹری پراسیکیوشن مظہر نیاز رانا نے عدالت کو بتایا چند قانونی پیچیدگیوں کے باعث اب تک تعیناتی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ عدالت نے متعلقہ حکام سے کہا پراسیکیوٹر کی تعیناتی نہ ہونے سے مقدمات التواءکا شکار ہیں سرکار کی طرف سے پیش ہونیوالے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا سابقہ پراسیکیوٹر جنرل کے چیلنج کرنے پر بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے سٹے دیا گیا ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو کل تک وضاحت طلب اور جواب پیش کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد مقدمات کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

ای پیپر دی نیشن