اسلام آباد (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ گیس کی تقسیم سے متعلق کوئی آئینی ترمیم زیر غور نہیں ،آئین میں گیس پر صوبوں کا پہلا حق واضح ہے، مشترکہ مفادات کونسل میں گیس کے استعمال سے متعلق ترجیحات پر اتفاق کیا گیا تھا،گیس فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین پہلی، پاور سیکٹر دوسری اور کھاد کے کارخانے تیسری ترجیح ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا تھاکہ حکومت گیس کی تقسیم سے متعلق آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اس قسم کی کوئی ترمیم زیرغور نہیں ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے آرٹیکل 158میں گیس پرصوبوں کاحق واضح ہے جس صوبے سے گیس نکلے اس پرپہلاحق متعلقہ صوبے کاہی ہے اوراس پروفاقی حکومت کواعتراض نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی زیرغورآیاتھا اجلاس میں گیس کے استعمال کی ترجیحات پربات ہوئی تھی۔
گیس پر صوبوں کا پہلا حق آئین میں واضح ہے: شاہد خاقان عباسی
Aug 06, 2013