ایشیا ہاکی کپ جیت کر قوم کو تحفہ دیں گے : اختر رسول‘ طاہر زمان

Aug 06, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر سول اور معاون کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے لگایا جانے والا قومی ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ انتہائی مفید رہا ہے، اس میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ان کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے میں بھی مدد ملی ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف کوچ اختر رسول کا کہنا تھا کہ اﷲ تعالٰی کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ تربیتی کیمپ کے پہلے مرحلے میں کسی کھلاڑی کو کوئی نئی انجری نہیں ہوئی ہے، جو کھلاڑی انجرڈ تھے ان کی انجری میں بہتری آئی ہے۔ کیمپ میں پنلٹی کارنر کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے قوم کو بہتر سے بہتر نتائج دینے کی کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ 7 اگست کی صبح ختم ہو جائے گا۔ اس موقع پر معاون کوچ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ تمام لڑکے بہت ہی پازیٹو ہیں اور ایشیا کپ ٹورنامنٹ جیت کر قوم کو تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کی ویڈیو فلم کھلاڑیوں کی دکھائی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی حکمت عملی اس کے مطابق بنا سکیں اور جو پلان ان دیا جائے اس پر وہ عمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حریف ٹیموں کی ویڈیو فلمیں دیکھ کر حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ ایشیا کپ کے ہر میچ کو فائنل سمجھ کر میدان میں اتریں گے۔ 

مزیدخبریں