فوج نیوٹرل ہے، سیاسی و مذہبی جماعتیں اسے متنازعہ نہ بنائیں: عابد شیر

Aug 06, 2014

ملتان (آن لائن) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج نیوٹرل ہے اور کسی سیاسی عمل کا حصہ نہیں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ فوج کو متنازعہ نہ بنائیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کی شام اسلام آباد سے ملتان پہنچنے کے بعد ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا  تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ ہم عمران خان کے آزادی مارچ اور طاہر القادری کے انقلاب مارچ سے خوفزدہ نہیں طاہر القادری نے دہشت گردی کا اعلان یعنی انقلاب مارچ کا اعلان کیا ہے یہ سول نافرمانی ہے اور حکومت اس کو برداشت نہیں کرے گی۔ طاہر القادری ملک میں انتشار کی باتیں کرتے ہیں  جب باہر جاتے ہیں تو چپ لگ جاتی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف تصادم نہیں مذاکرات چاہتے ہیں اور پاکستان کے مفاد میں بھی یہی ہے انہوں نے کہا کہ میں چوہدری برادران کو کہتا ہوں کہ وہ اپنی طاقت سے گجرات میں لانگ مارچ کرکے دکھائیں۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام ان کا محاسبہ کریں گے  ہم بھی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں اور ہمارے پاس بھی کارکنوں کی طاقت موجود ہے مگر یہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔  انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہمیں کسی کا کوئی ڈر نہیں ہے مگر اس وقت واویلا ہے یہ میڈیا کی اور میڈیا مالکان کی آپس میں لڑائی ہے۔ افواج پاکستان کا مورال بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا سیاسی دنگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے یہ اصل میں طالبان کو مضبوط کرنے کی ایک سازش ہے۔ فوج مصالحت کی خواہاں ہے  اس کو نہ گھسیٹا جائے، ماضی میں بھی منی مارشل لاء لگے تھے۔

مزیدخبریں