میانوالی میں قتل کے 3‘ لاہور‘ گوجرانوالہ میں ایک‘ ایک مجرم کو پھانسی

Aug 06, 2015

لاہور+ میانوالی+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سنٹرل جیل میانوالی میں گزشتہ روز سزائے موت کے 3 قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی جبکہ گوجرانوالہ میں 5 افراد کے قاتل کو بھی تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بھی قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔ تفصیل کے مطابق سنٹرل جیل میانوالی میں سزائے موت 3 قیدیوں محمد ریاض، امان اللہ اور ممتاز خان کو جن کا تعلق نواحی علاقہ چھدرو سے تھا گزشتہ روز صبح کے وقت پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ تینوں مجرموں نے دیرینہ دشمنی پر جنوری 2006ء میں مخالف پارٹی کے 3 افراد کو قتل کر دیا تھا جس کے مقدمہ کا فیصلہ انسداد دہشت گردی سرگودھا کی عدالت نے 2006ء میں سناتے ہوئے انہیں پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا تھا جبکہ ان رحم کی اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ ادھر سنٹرل جیل میں 5 افراد کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ سنٹرل جیل میں علی الصبح چار خواتین سمیت پانچ افراد کو قتل کرنے والے مجرم وقار احمد عرف مٹھو بٹ کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جیل انتظامیہ نے مجرم وقار عرٖف مٹھو بٹ کی موت کی تصدیق کے بعد اسکی نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ یاد رہے کہ مجرم نے2000ء میں دیرینہ دشمنی پر تھانہ ستراہ کے علاقہ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے رحم بی بی، انعم، شازیہ، نازیہ اور اسحاق کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ علاوہ ازیں سنٹرل جیل میں بھتیجی کے قاتل کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ مجرم طارق الہی نے 13 جولائی2001ء کو تھانہ اگوکی کے علاقہ میں رشتہ کے تنازعہ پر اپنی بھتیجی عارفہ کوگلے پر چھری پھیر کر قتل کر دیا تھا۔ مجرم کی اسکے ورثاء سے آخری ملاقات بھی کروا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کوٹ لکھپت جیل میں سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دے دی گئی مجرم نے ایک شخص کو قتل کیا تھا جیل انتظامیہ نے قیدی کی نعش ورثاء کے حوالے کردی۔ ورثاء متوفی اللہ دتہ کی نعش تدفین کیلئے آبائی گائوں اوکاڑہ لے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اوکاڑہ کا رہائشی اللہ دتہ نے لاہور میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

مزیدخبریں