اسلام آباد( صباح نیوز)انصارالامہ پاکستان کے سربراہ ودفاع پاکستان کونسل کے رہنماء مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کشمیرکے معاملے پردوٹوک موقف اپناکر قوم کے دل جیت لئے ہیں اورچودھری نثارکے جرأتمندانہ طریقے سے بات کرکے بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کو پاکستان سے بھاگنے پرمجبورکیاہے۔ چودھری نثارعلی خان قومی ہیرو ہیں، راج ناتھ سنگھ کااستقبال نہیں اسی طریقے سے جواب دیناچاہیے تھا۔ کشمیری دہشت گرد نہیں، حریت پسندہیں۔ کشمیری عوام اورپاکستانی قوم چودھری نثارکوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ مولانافضل الرحمن خلیل نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے سارک کانفرنس میں 20کروڑ پاکستانی عوام کی ترجمانی کی اور لاکھوں دکھی کشمیری مظلوموں کی مرہم پٹی کی ہے۔ چودھری نثار کی اس تقریر کو ریاستی پالیسی بنایا جائے اور وزیر اعظم نوز شریف کو بھی چاہیے کو وہ اب پاکستان دشمن مودی سرکار کے ساتھ نرم گوشہ ترک کر کے چودھری نثار کی پالیسی کو اپنائیںکیونکہ اب بھارت کو دو ٹوک جواب دینا ہوگا۔ ہم کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی اس ظلم و بربریت پر خاموش رہیں گے۔ حکومت مقبوضہ کشمیرمیںجاری بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پربے نقاب کرنیکیلئے اقدامات کرے۔ کشمیریوں کے خون پربھارتی دوستی قبول نہیں، قاتلوں کااستقبال نہیں کیاجاتا۔ حکمران بھارت سے دوستی کی پینگیں نہ بڑھائیں ۔کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔حکومت پاکستان عالمی سطح پر ساز گار ماحول سے استفادہ کرتے ہوئے بھارت کو کٹہرے میں لائے اور عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرے۔