اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بذریعہ سڑک مری سے اسلام آباد آتے ہوئے جھیکا گلی ، بہارہ کہو اور دیگر مقامات پر عوام نے شاندار استقبال کیا گیا، کارکنوں نے اپنے قائد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور شیر شیر آیا اور وزیر اعظم نواز شریف کے پرجوش نعرے لگائے جاتے رہے نوازشریف اپنے اہل خانہ کے ساتھ چھانگلہ گلی مری سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تو مری میں کلڈنہ اور جھیکا گلی پر کارکنان نے نوازشریف کا زبردست استقبال کیا۔اس موقع پر سابق وزیراعظم کی گاڑی عوام کے ہجوم میں کچھ دیر رکی رہی اور نوازشریف عوام کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلاکر دیتے رہے۔ تاہم جب ان کی گاڑیاں وفاقی دارالحکومت کے قریب واقع علاقے بہارہ کہو پہنچیں تو اس دوران میاں نوازشریف کے قافلے کو کارکنان نے گھیر لیا ، سڑکوں پر پر کارکنوں سمیت عوام کا بڑا سمندر امڈ آیا اور اس دوران ان کا تاریخی استقبال کیا گیا۔ نواز شریف کی گاڑی ان کے بیٹے حسین نواز چلا رہے تھے۔ عوام نے اپنے قائد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔ مسلم لیگی کارکنوں نے اس دوران مسلم لیگ (ن) کے جھنڈے ، نوازشریف کی تصاویر والے پوسٹرز اٹھارکھے تھے ۔ اس دوران کارکنان کی بڑی تعداد میاں نوازشریف کی گاڑی کے قریب پہنچ گئی۔ کارکنوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر نواز شریف کچھ دیر گاڑی سے باہر نکل آئے اور کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ اس موقع پر قافلے کے روٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات رکھے تھے۔اس موقع پر سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے بھی سیکیورٹی قائم رکھنا مشکل ہوگیا ۔ مری سے اسلام آباد آنے کے بعد نوازشریف پنجاب ہائو س پہنچے جہاں انہوں نے ایک پارٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کی ۔
نوازشریف جوش
نواز شریف نے کارکنوں کے خیرمقدمی نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا
Aug 06, 2017