قو می وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی: شیرپاﺅ

Aug 06, 2017

پشاور(آئی این پی )قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاﺅ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی، خطے میں امن کے قیام کےلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی، پختونوں نے ملک کی خاطر بے تحاشہ قربانیاں دیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ انکو ان قربانیوں کا صلہ نہیں دیا گیا۔ وہ ہفتہ کو پشاور میں پارٹی کی صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاﺅ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر‘ صوبائی کابینہ کے اراکین‘ زونز اور تمام اضلاع کے چیئرمین و جنرل سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ آفتاب شیرپاﺅ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں اور غریب طبقہ کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ ان کی فلاح کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی چاہے حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں دونوں صورتوں میں عوام کی خدمت کو فرض اوّلین سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جمہوریت کی علمبردار ہے اور چاہتی ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے کیونکہ ملک میں جمہوری نظام کی تقویت کی بدولت جمہوری ادارے مضبوط ہوں گے اور ملک میں معاشی خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ پانامہ ایشو کی وجہ عوام کے بنیادی مسائل جیسے لوڈشیڈنگ‘ پختونوں کے حقوق‘ فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام‘ پاک چائنا راہداری منصوبہ‘ دہشت گردی اور بے گھر افراد کی آباد کاری پس پشت چلے گئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پانامہ ایشو اب ختم ہو چکا ہے لہٰذا اب وفاقی حکومت ملک میں بدامنی کے خاتمے اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر اپنی توجہ مرکوز کرے۔

مزیدخبریں