اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) موجودہ سیاسی صورت حال کا مقابلہ اور نئی سیاسی صف بندی کے لئے پیپلز پارٹی نے حکمت عملی طے کر لی ہے ، سابق صدر آصف زرداری نے عید سے قبل وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، مائنس ون فارمولے سے بچنے کے لئے ڈرائیونگ سیٹ پر بلاول بھٹو کو بٹھانے اور آصف زرداری نے خود پچھلی نشست سنبھالنے کا پروگرام بنا لیا ہے،آصف زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنمائوں کی جانب سے موجودہ صورت حال میں تیزی سے تبدیل ہوتی سیاست میں محتاط سیاست کرنے کا مشورہ ملنے کے بعد مستقبل کی سیاسی حکمت عملی طے کرنے کے لئے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی کے معتمد ذرائع نے بتایا کہ زرداری نے دبئی میں پارٹی رہنمائوں سے ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کی سیاست پر طویل صلاح و مشورے کیا ہے جبکہ اس سلسلے میں انہوں نے اپنے غیر ملکی دوستوں کو بھی وطن واپسی کے معاملے پر آن بورڈ لیا ہے ،آصف زرداری عید الاضحی اپنے آبائی علاقے نواب شاہ میں منائیں گے جبکہ بعد ازاں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے ،عوامی جلسوں کے بجائے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے جبکہ بلاول بھٹو زرداری ملک گیر احتجاجی جلسوں سے خطاب کریں گے ،ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں اتحاد اور سیٹ ایڈ جسٹمنٹ میں اہم کردار ادا کرینگے۔