عائشہ احد کے الزامات کو عدالت کی طرف سے رد کیا جاچکا ہے :ترجمان حمزہ شہباز

Aug 06, 2017

لاہور (پ ر) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز کے ترجمان عمران علی گورائیہ نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے ساتھ بیٹھ کر عائشہ احد کی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس کو جھوٹ کا پلندہ اور جوابی کارروائی قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسی کارروائیاں عائشہ گلالئی کے عمران خان پر لگائے سنگین الزامات سے عوام کی توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔ ترجمان نے کہا عائشہ احد کا کردار پی ٹی آئی نے گزشتہ الیکشن میں پس پردہ رہ کر تسلیم کیا تھا اور اتنے عرصے کے بعد پی ٹی آئی کی خواتین کے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کرنے سے بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ ترجمان عمران گورائیہ نے کہا کہ ان الزامات کو تین سال پہلے عدالتوں نے جھوٹا قرار دیدیا ہے۔ عائشہ احد کے سرپرست اس کیس کو 2012ء میں بھی عدالت لے کر گئے تھے جہاں ان کو منہ کی کھانا پڑی۔ عدالت اس کیس میں حمزہ شہباز کو فروری 2014ء میں بری الذمہ قرار دے چکی ہے۔ حمزہ شہباز کے ترجمان نے مزید کہا کہ درحقیقت عمران خان اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں۔ عمران خان پر الزامات حقیقت ہیں‘ وہ اب تک الزامات کی ایک بار بھی واضح تردید نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا بہتر ہوگا پی ٹی آئی جوابی الزامات کی بجائے اپنے لیڈر کی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے اپیل کرے۔

مزیدخبریں