اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 50 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 69 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 77 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ وزیر خزانہ نے کہا مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 44 روپے فی لٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔ انہوںنے کہا وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت غریب طبقہ کے زیر استعمال ہونے کے باعث نہیں بڑھائی گئی ۔ وزیر خزانہ نے کہا 31جولائی کو تیل کی قیمت کے بارے میں وفاقی کابینہ کی عدم موجودگی کے باعث فیصلہ نہیں کیا جاسکا تھا۔ اس لیے 5 روز تک قیمتیں جولائی کی سطح پر رکھی گئیں۔ وزیر خزانہ کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا 5روز تک جو اضافی قیمت وصول کی گئی ۔ وہ قومی خزانے میں گئی یا پیٹرولیم کمپنیاں اس سے فائدہ اٹھائیں گی ۔ دریں اثناء اسحاق ڈار کو ایف بی آر میں منعقدہ چیف کمشنر کانفرنس میں بتایا گیا کہ جولائی میں ادارے نے ہدف سے زیادہ ریونیو حاصل کیا ۔ وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی کارکردگی کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ ایف بی آر مالی سال کے باقی مہینوں میں بھی اس کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ وزیر خزانہ نے اس بات کی تعریف کی ایف بی آر نے ماہانہ ‘سہ ماہی اہداف مقرر کر دئیے ہیں۔ اس سے فیلڈ فارمیشن کو سالانہ ہدف کے حصول میں آسانی رہے گی ۔ اسحاق ڈار نے زور دیا براہ راست ٹیکسوں پر انحصار کو بڑھایا جائے اور ٹیکس کی بیس میں اضافہ ہونا چاہیے۔
اسلام آباد (عترت جعفری) 5 روز تک پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں جولائی کی سطح پر رکھ کر حکومت اور پٹرولیم کمپنیاں دونوں فائدے میں رہیں جبکہ عوام کو اس عرصہ میں کروڑوں روپے اضافی ادا کرنا پڑے۔ واضح رہے ملک کے اندر پٹرول کا روزانہ استعمال 4 لاکھ 50 ہزار بیرل ہے جبکہ اس سے کہیں زیادہ مقدار میں ڈیزل روزانہ استعمال ہوتا ہے۔ یکم اگست کو بیوروکریسی نے پٹرول پر جی ایس ٹی 20.5 فیصد سے بڑھا کر 23.5 فیصد کر دیا تھا جبکہ ڈیزل پر جی ایس ٹی 33.5 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیا گیا جبکہ اوگرا نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں گھٹانے کی سفارش کی تھی۔ ایف بی آر نے جی ایس ٹی بڑھانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ نے کابینہ نہ ہونے کے باعث نئی قیمت کا اعلان نہیں کیا جا سکا جبکہ اس کے برعکس ٹیکس بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ گزشتہ روز پٹرول‘ ڈیزل کی نئی قیمت کا اعلان کیا گیا اور کمی کی گئی اور نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر جی ایس ٹی 23.5 فیصد سے گھٹا کر دوبارہ 20.5 فیصد اور ڈیزل پر جی ایس ٹی 40 فیصد سے گھٹا کر 35.5 فیصد کیا گیا ہے۔
پٹرول/ کمپنیاں