کراچی (نیوزرپورٹر) کراچی ؛ انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن(آئی بی اے) کے اسسٹنٹ پروفیسر اور سینٹر براے کاروباری ترقی(سی ای ڈی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہد قریشی نے کہا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ ممتاز یونیورسٹیوں سے ایم بی اے اور پی ایچ ڈی ڈگریاں حاصل کرنے والے نوجوان عملی زندگی میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکیں جبکہ اس کے برعکس دنیا میں بے شمار کامیاب لوگ موجود ہیں جوبہت کم تعلیمیافتہ ہوکر بھی کسی ایک شعبہ میں اپنی دلچسپی اور مہارت بروئے کار لاکرکروڑوں روپے مالیت کے کاروبار کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز محمد جناح یونیورسٹی کراچی کے پروگرام ایگزیکٹیو بریک فاسٹ میں ماہر تعلیم کی کاروباری ذہنیت کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ڈاکٹر محمد شاہد قریشی نے کہا کہ اپنی صلاحیت و وسائل کا اندازہ کرکے ہی کوئی کاروبار شروع کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ ایک ایسی چیز ہے جو سکھائی نہیں جاسکتی ہے ،یہ انسان کو وقت سکھاتا ہے کیونکہ کاروبار کا مزاج ایک مختلف بات ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ایک بہت اچھی تنخواہ،ویل فرنشڈ آفس،بہترین مراعات،شاندار کار،کلب ممبرشپ اور دیگر سہولتوں کا جو کلچر متعارف کرایا گیا تھا اس کے خواب دیکھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرکے خود کوئی کاروبار کرنا چاہیے۔لیکچر کے اختتام پر ماجو کے صدر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ڈاکٹر شاہد قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ اخلاقی قدروں کا خیال رکھتے ہوئے زندگی کا کوئی واضح مقصد متعین کرلیا جائے تو راستے خود بخود کھلتے جاتے ہیں۔
طلبہ پر کشش نوکری کا خواب دیکھنے کے بجائے کاروبارپر توجہ دیں ، ڈاکٹر شاہد
Aug 06, 2018