غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ، شارٹ فال 3500 میگاواٹ تک جاپہنچا، لاہورمیں مظاہرے

اسلام آباد/ لاہور (خصوصی نمائندہ+ آن لائن+ نامہ نگاران) بجلی کا شارٹ فال 3500میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا جس سے ملک میں لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔ ملکوال میں حبس کے باعث مسافر خاتون جاں بحق جبکہ شہر اقتدار میں بھی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بھی 10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14گھنٹے، پیسکو الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 10سے 14گھنٹے، ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی میں چند شہروں کے علاوہ باقی 80فیصد علاقے میں 10سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ باقی علاقوں سے تھوڑا کم ہے۔ لیسکو میں شہری علاقوں میں 4گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 6گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ گیپکو اور فیسکو میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6گھنٹے تک ہے۔ ترجمان وزارت توانائی پاؤر ڈویژن کے مطابق ملک میں پیداوار اور پاور جنریشن میں کمی کی وجہ سے کچھ اضلاع میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ورنہ ملک میں 80فیصد علاقوں میں ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ ان فیڈرز پر جہاں لائن مرمت زیادہ ہیں وہاں لوڈشیڈنگ بھی زیادہ کی جاتی ہے۔ لاہور میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری پھٹ پڑے اور مختلف علاقوں میں شہریوں نے لیسکو کیخلاف مظاہرہ کیا جس میں شدید نعرے بازی کی گئی۔ برکی روڈ، گرین ٹائون، باگڑیاں، راجگڑھ، سمن آباد سمیت دیگر علاقوں میں شہریوں نے لیسکو کیخلاف مظاہرے کئے اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے بجلی نہیں آرہی، لیسکو کو متعدد بار کہا گیا لیکن عملے کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مظاہرین نے لیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیکر بجلی کی بحالی کا انتظام کریں تاکہ شدیدگرمی اور حبس کے موسم میں ہم سکھ کا سانس لے سکیں۔ سرگودھا اور گرد و نواح میں گرمی اور حبس میں اضافہ کیساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھا دی گئی، 8 سے 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے پیش نظر واپڈا تنصیبات کی نگرانی کو سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ ڈسکہ، وزیر آباد، بہاولپور، بھلوال اور گرد و نواح میں گرمی اور حبس میں اضافہ کیساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھا دی گئی۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 2 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 250 میگاواٹ ہو گیا۔ بجلی کی طلب 24 ہزار 640 میگاواٹ ہے۔ بجلی کی فراہمی 18 ہزار 340 میگاواٹ ہے۔ گکھڑ منڈی اور شیخوپورہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن