واربرٹن (نامہ نگار)رورل ہیلتھ سینٹر میں مریضوں کو ادویات کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایمرجنسی مریضوں کو معمولی مرہم پٹی کیلئے بھی ڈی ایچ کیو شیخوپورہ ریفر کر دیا جاتا ہے حالانکہ واربرٹن کو ڈی ایچ کیو ننکانہ صاحب ریفر کیا جانا ہوتا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ مقامی ہسپتال میں چند قسم کی ادویات ہر قسم کے مرض کیلئے دے کر مریضوں کو ٹرخا دیا جاتا ہے۔ جبکہ ڈاکٹروں کا رویہ مریضوں سے انتہائی مایوس کن ہے۔ کسی قسم کے آپریشن کیلئے کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔ ایمرجنسی مریضوں کیلئے اسپتال میں ڈاکٹر اور عملہ کو تلاش کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر اپنے متعلقہ میڈیکل سٹور پر ادویات کی پرچیاں بنا کر دیتے ہیں ۔ حاملہ خواتین کیلئے اور ڈینٹل سرجن کیلئے بھی ادویات نایاب ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واربرٹن ہسپتال کی حالت بہتر بنا کر عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔