شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی صدر بیگم میمونہ مشتاق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے اس اقدام سے آنے والی حکومت کو من مانی کرنے کی جرات نہیں ہو گی اس اتحاد سے ملک میں مثبت تبدیلی آئے گی اور جمہوری عمل مضبوط ہوگا جو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لئے مثبت اقدامات کئے ۔ دھاندلی زدہ الیکشن ملکی مفاد میں نہیں یہ ہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صاف اور شفاف انتخابات کی بات کی ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا رزلٹ سسٹم آر ٹی ایس جان بوجھ کر بند کیا گیا جس کا نادرا بھی واضح کر چکا ہے، پیپلز پارٹی نے انتخابات کے شفاف، غیر جانبدار کرانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسے تسلیم نہیں کیا گیا جو بد دیانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی امنگوں کے ترجمان ہیں جنہوں نے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا اعلان کرکے جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے۔