لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن قوتوں کا متحدہ ہو کر مقابلہ کرناہوگا ۔ گلگت بلتستان میں سکولز کو جلانے کے واقعات پے در پے ہورہے ہیں یہ درندگی ، علم دشمنی اور دہشتگردی جہاں قابل مذمت ہے وہا ں یہ صورتحال بھی المناک ہے کہ ہمارے امن و امان قائم کرنے کے ذمہ دار ادارے اتنے بھیانک جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں ۔ ایسے درندوں کو جو تعلیمی اداروں کو تباہ کر کے بھاگ جاتے ہیں بیرونی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہوتی ۔ ہماری قومی پالیسی یکساں اور متحد ہ موقف سے عاری ہے جس کی وجہ سے دہشتگردی کو فروغ مل رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ نئی حکومت وجود میں آرہی ہے، انتخابات جیسے کیسے بھی ہوئے ہیں ان پر احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر وقت آگیاہے کہ ملکی سا لمیت کے ایشو پر ملک بھر کی تمام قوتیں ایک مضبوط قومی بیانیہ کے ساتھ دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں ۔ انہوںنے کہاکہ اندرونی اختلافات کی وجہ سے ملکی سلامتی کی حفاظت کا اہم فریضہ پس پش ڈال دیا گیاتو ہماری داستان تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں سے کوئی نرمی نہ برتی جائے مگر ملک کے پرامن شہریوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردینے کا عمل بھی فی الفور روکا جائے ۔ قانون و عدالت کے سامنے جب تک کوئی جرم ثابت نہ ہو جائے ، قانون پسند شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔