کابل (سنہوا‘ اے ایف پی) افغانستان میں دو خودکش دھماکوں اور جھڑپوں کے دوران 3 نیٹو فوجی‘ 3 افغان ہالکار ہلاک جبکہ 29 طالبان بھی مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقی صوبے کابل میں خودکش حملہ آور نے نیٹو فورسز کے قافلے کے قریب دھماکہ کردیا جس سے 3 غیرملکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ نیٹو مشن کے مطابق افغان فورسز اور نیٹو کی مشترکہ گشت کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں 3 نیٹو اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک نیٹو اور 2 افغان اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ دوسری جانب صوبہ پروان میں خودکش کار بم دھماکے میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان محمد سلیم نوری کے مطابق صوبہ پروان کے شہر پلیکر میں فوجی قافلے پر خودکش کار بم دھماکے میں 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ ادھر صوبہ تکہار میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 8 جنگجوئوں کو ہلاک کردیا۔ فوجی ترجمان غلام حضرت کریمی کے مطابق فورسز نے طالبان کیخلاف صوبہ تکہار کے ضلع بہارک میں زمینی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ڈویژنل کمانڈر قاری محمد عالم سمیت 8 جنگجو ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں ارزگان میں طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 11 طالبان ہلاک اور 3 سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے ۔پولیس چیف کے مطابق طالبان نے صوبے ارزگان میں حملہ کیا۔حملے میں غیرملکی فورسز نے افغان سکیورٹی فورسز کی مدد کی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ غیرملکی فورسز کے فضائی حملے میں طالبان کا جانی نقصان ہوا اورباقی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔