شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت)شیخوپورہ شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری مضر صحت مٹھائیوں کی فروخت پر انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی۔ذرائع کے مطابق ناقص گھی اور صحت کے لئے انتہائی خطرناک کیمیکلز مٹھائیوں کی تیاری میں استعمال کئے جارہے ہیں ، شہر سمیت ضلع بھر کے دیگر مقامات پر مٹھائی کی دکانوں پر انتہائی غیر معیاری مضر صحت سویٹس کی فروخت سر عام جاری ہے ان مٹھائیوں کی تیاری میں غیر معیاری سستا گھی اور اس کے ساتھ انسانی صحت کے لئے خطرناک کیمیکلز ان کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا ہے بعض دکانوں پر ہفتوں پرانی مٹھائیاں بھی موجود ہ ہیںجن کو کھانے سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیںعوا می سماجی حلقوں کے مطابق جب بھی متعلقہ اداروں کو ان سویٹس فروشوں کے خلاف شکایات کی جاتی ہیں تو متعلقہ اداروں کے بعض اہلکار شکایات کو مٹھائی فروشوں سے مال پانی وصول کرنے کیلئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں جس کے باعث مضر صحت مٹھائی فروخت کر نے والوں کے خلاف کارروائی شدید تعطل کا شکار ہے اور مٹھائی فروشوں کو شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی کھلی چھٹی حاصل ہے جبکہ متعلقہ اداروں کے بعض اہلکار اپنی کارگزاری کی خاطر ان مٹھائی فروشوں کو دو چار سو روپے جرمانہ کر کے خانہ پری کرتے ہیں جس کے باعث یہ غیر معیاری مٹھائیاں فروخت کرنے والے کسی کاروائی کے خوف سے بالاتر ہو کر ان کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیںعوامی اور سماجی حلقوں نے ڈی سی شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان دکانداروں کیخلاف فوری موثر کارروائی عمل میں لائی جائے جو عوام کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔
شیخوپورہ اور گرد نواح میں مضر صحت ، غیر معیاری مٹھائیوں کی فروخت انتظامیہ نے چپ سادھ لی
Aug 06, 2018