سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت سے دوری کا درد ہے۔ 72سال سے عوام سے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اسے ختم ہونا چاہئے۔ کوئی وزیراعظم پانچ سال کی مدت پوری نہیں کر سکا۔ 20 کروڑ عوام کے ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی ۔ آج بھارت نے غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر تبدیل کر دیا ہے اوربھارت کو یہ جرأت اس لئے ہوئی کہ پاکستان میں سلیکٹڈ اور اناڑی وزیر اعظم بیٹھا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس پیرس روڈ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ، ارمغان سبحانی، علی زاہد خان، اراکین پنجاب اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، رانا لیاقت علی بھلور، چوہدری خوش اختر ،بیگم گلناز پاشا، رانا عارف اقبال ہرناہ، رانامحمد افضل،وزیر جیل آزاد کشمیر چوہدری اسحاق، سابق ایم پی اے چوہدری جمیل ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام،سابق ایم این اے نیلسن عظیم، ضلعی صدر پی ایم ایل این چوہدری طارق سبحانی، جنرل سیکرٹری سید شجاعت علی پاشا سمیت ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ بیس کروڑ عوام کی ترجمانی کی پاداش میں نواز شریف جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ 1999 میں جنوبی ایشیا کا بہترین معاشی ملک تھا۔ بنگلادیش، بھارت اور سری لنکا اس لئے آگے نکل گے وہاں ووٹ کی عزت ہے۔ پاکستان اس لئے پیچھے رہ گیا یہاں ووٹ کی عزت نہیں ۔ ہم اپنی نسلوں کو محکوم پاکستان، غریب پاکستان دے کر نہیں جانا چاہتے۔ ہم قائد اعظم کا خود مختار پاکستان دے کر جانا چاہتے ہیں۔ ایٹم بم بنانے پر مشرف کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹا کر جیل میں بند کر دیا گیا ۔ آج نوازشریف کو سی پیک کا ایٹم بم بنانے کی پدائش میں جیل میں بند کر دیا گیا۔ہمارا جرم سی پیک، بجلی اور گیس کا مسئلہ حل کرنا ہے۔ ہمیں اس ملک کی تعمیر کیلئے ہر قربانی منظور ہے۔ہم سو بار جیل جائیں گے لیکن ملک اور اپنی پارٹی سے بے وفائی نہیں کرسکتے۔1971 کے بعد پہلی دفعہ بھارت نے پاکستانی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے جہاز داخل کئے۔ عمران خان نے کہا کہ امریکہ کا سستا دورہ کیا جو آج پاکستان کے لئے مہنگا دورہ ثابت ہوا ہے۔ اگرمودی سے بات کرنی ہے تو برابری کی سطح پر کرو جس طرح نواز شریف کرتے تھے۔ مودی کے یاروں کو نکال کر باہر کریں گے۔ قبل ازیں پی ایم ایل این کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ آج ہر پاکستانی کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ آج وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں خون کے آنسو رو رہے ہونگے۔ پاکستان کی تاریخ مودی کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ہم کشمیر کو کسی بھی طرح مودی سرکار کے حوالے نہیں کریں گے۔ نواز شریف کے دور حکومت میں معیشت مضبوط تھی اور دفاع بھی مضبوط تھا۔ آج نالائق ، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم پاکستان پر مسلط ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت کا یہ حال ہے اور اس نالائق کی ایک سالہ حکومت میں پاکستان دوسرا مہنگا ترین ملک بن گیا۔ روٹی پندرہ روپے کی اور نان پندرہ روپے اور کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا ہے اور پھر پٹرول مہنگا کر دیا جاتا ہے۔ کشمیر بھارت سے الگ ہو گا۔ ہم کشمیری بھائیوں کی قدر کرتے ہیں۔ کشمیر آزاد ہو کشمیر پاکستان بنے اور بھارتی تسلط سے آزاد کرے۔