لاہور (وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بھارت سرحد پر ایڈونچر کا نہ سوچے۔ بھارت کی ایسی کوشش کا جواب ابھی نندن پارٹ ٹو کی شکل میں دیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر کلسٹر بموں کا حملہ قابل مذمت ہے۔ اقوام متحدہ کی خاموشی بڑی غفلت ہے۔ ثالثی کی امریکی پیشکش کے جواب میں کلسٹر بموں کا حملہ بھارتی ہٹ دھرمی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہماری حکومت میں بھارت سے کشمیر کے مسئلے پر کوئی بھی خفیہ بات چیت نہیں ہو گی۔ ثالثی کا معنی ہی میز پر آمنے سامنے بیٹھ کر حق رائے دہی کے لئے کھلے عام بات چیت ہے۔ بھارت کشمیر کے مسئلے کو اپنی ہٹ دھرمی سے زیادہ دیر تک نہیں دبا سکتا۔ کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف معاملہ او آئی سی کے سامنے اٹھانے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر بابر اعوان نے بار کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔