شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت )پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مثبت ہے اور اس سے مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا مگر کشمیریوں پر حالیہ تشد د کی لہر نے خطہ کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور خدشہ محسوس کیا جارہا ہے کہ بھارت کوئی بڑی کاروائی کرسکتا ہے امریکی صدر نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد اور ظلم و بربریت کو رکوانے کیلئے سنجیدہ کوشش کریں ، چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد اپوزیشن اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں اعتماد برقرار رہے گاہمارا اتحاد عوام کو مسائل سے نکالنے اور کٹ پتلی کو جمہوری طریقہ سے گھر بھیجنے کی بنیاد پر قائم ہے اپوزیشن اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائے گی ایک سال میں اس حکومت کی کارکردگی صفر ہے اور اپنی عوامی مقبولیت کھو چکی ہے عوام ان سے ناراض ہیں جو سیاسی جماعت یا رہنما انہیں راستہ دے گا وہ عوام کے غضب کا نشانہ بنے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما چوہدری عمران صفدر گجر کی منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صفدر علی گجر، حاجی فلک شیر ایڈووکیٹ، صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر، محمد آصف خان، منیر قمر واہگہ، حاجی محمد یٰسین ، سیٹھ غلام رسول و،میاں ارمغان خالد ،کاشف گیلانی ودیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔