اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے،سعودی مملکت کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اہم بین الااقوامی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعود ی سفیر نے عدم اعتماد تحریک کے دوران ایوان بالا کی جانب سے اْن پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو مبارک باد دی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ دونوں ملکوں کے معابین تعلقات کے فروغ میں ایوان بالا نمایاں کر دار ادا کر سکتا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار مختلف شعبو ں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان اوربالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر سعودی حکومت اور محمد بن سلما ن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے۔ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔