کلسٹر بموں کا استعمال‘ عالمی عدالت میں انصاف فراہمی‘ یاسین ملک کو طبی سہولتوں کی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور کلسٹربموں سے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے خلاف ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور کلسٹربموں سے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ مزید برآں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے بھارتی فوج کے جرائم کی فہرست عالمی عدالت انصاف کو فراہم کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر نیلم ویلی میں کلسٹر بم جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعما ل کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی فوج نے سویلین آبادی پر کلسٹر بم جیسے مہلک ہتھیار پھینک کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی سمیرا کومل نے حریت رہنما یاسین ملک کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرا دی۔ جس میں کہا گیا یہ مقدس ایوان کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی صحت سے متعلق اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ یاسین ملک کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم نہ کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ای پیپر دی نیشن