پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، کورکمانڈرز کانفرنس آج طلب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کنٹرول لائن پر جارحیت جیسے اقدامات کے مضمرات پر غور کرنے کیلئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس آج منگل کے روز طلب کرلی ہے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ بھارت کی ممکنہ فوجی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ دریں اثناء صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، حیثیت تبدیل کرنے کے غیرقانونی بھارتی اقدامات پر غور ہو گا۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منگل صبح11 بجے شروع ہو گا، اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔ حکومت، اپوزیشن کے رہنما مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر اظہار خیال کریں گے اور مشترکہ قرارداد منظور کی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے اجلاس کے سلسلے میں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں سے رابطے کئے گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بحث ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن