مقبوضہ کشمیر: چھاؤنی میں تبدیل، مزید 8 ہزار فوجی پہنچ گئے، دو قومی نظریہ رد کرنا غلط تھا: محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ سیمت گرفتار

Aug 06, 2019

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) محبوبہ مفتی اور سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بعد اپنے مختلف شہروں سے مزید 8 ہزار فوجی خصوصی طیاروں کے ذریعے سری نگر پہنچا دیئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ائیرفورس کے سی 17 طیاروں کے ذریعے مزید 8 ہزار فوجی مقبوضہ وادی پہنچا دیے ہیں جوکہ گزشتہ ہفتوں کے دوران وہاں تعینات کیے گئے 38 ہزار فوجیوں کے علاوہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ قابض بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو بھی نافذ کرکے دو سابق وزرائے اعلیٰ سمیت کئی حریت رہنماؤں کو بھی گھروں میں نظر بند کر دیا ہے۔ یوں تو مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی فوج کے مظالم کا کئی دہائیوں سے شکار ہوتے آرہے ہیں مگر حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے نتیجہ میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔ پوری وادی میں دہشت کے سائے نظر آرہے ہیں ہر طرف بھارتی فوجیوں کا گشت جاری ہے جس کے نتیجہ میں خوف کی ایک نئی لہر محسوس کی جاسکتی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بی سی سی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم پاکستان پر بھارت کو ترجیح دینے میں غلط تھے۔ بھارتی حکومت کشمیر کو غزہ کی پٹی کی طرح بنانا چاہتی ہے۔ بھارت کشمیریوں سے وہی سلوک کرنا چاہتا ہے جو اسرائیل فلسطینیوں سے کررہا ہے۔ آج بھارت کی جمہوریت کیلئے سیاہ ترین دن ہے۔ یکطرفہ فیصلے سے برصغیر پر دور رس اور تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ دریں اثناء محبوبہ مفتی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیرکی قیادت کی جانب سے 1947 میں دو قومی نظریئے کو رد کرنا اور بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 کو یکطرفہ طور پر ختم کرنا غیرقانونی اور غیرآئینی ہے جس سے بھارت جموں و کشمیر میں قابض قوت بن جائے گا۔ سابق وزیر اعلی مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی حکومت کا یک طرفہ اور چونکا دینے والا فیصلہ کشمیریوں کے بھروسے کے ساتھ دھوکہ ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 سے متعلق ہمارے خدشات بدقسمتی سے درست ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل اور سخت جنگ ہے جس کے لیے ہم تیار ہیں۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما غلام نبی آزاد نے کہا آج بی جے پی نے آئین کا قتل کر دیا ہے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ہم بھارتی آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی جانوں سے بھارتی آئین کا تحفظ کریں گے۔

مزیدخبریں