وطن کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائیں گے,ہرقسم کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں:آرمی چیف

Aug 06, 2019 | 15:22

ویب ڈیسک

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ   نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پاک فوج اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے  آخری حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔کانفرنس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور  اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ لیتے ہوئے اس پر بحث کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی فیصلے کی بھرپور تائید کی اور کورکمانڈرز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی  ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز   کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والا آرٹیکل 370 یا 35 اے تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کردیا ہے۔کورکمانڈرز سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیتی رہے گی ، پاک فوج اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے مکمل تیار ہے اور ہم اپنی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں۔۔واضح رہے بھارتی حکومت نے گزشتہ روز صدارتی فرمان کے ذریعے آئین میں مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔خصوصی آرٹیکل ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی اکائی کہلائے گا، جس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی   اور لداخ بھی بھارتی یونین کا حصہ ہو گا۔

مزیدخبریں