لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ سائرن بجایا گیا۔ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ معروف آرٹسٹوں اور الحمرا کے افسران و ملازمین نے گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک یوم استحصال کشمیر ریلی میں شرکت کی۔ نامورآرٹسٹوں ناہید اختر، حامد علی خان، ترنم ناز، راشد محمود، حسن عسکری، نسیم وکی و دیگر نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر اسلم ڈوگر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمن رائے نے بھی خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور نے اس حوالے سے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیریوں کی آزادی کی طرف مبذول کروانا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ثمن رائے نے اس موقع پر کہا کہ الحمرا دنیا بھر میں فنون لطیفہ کے ذریعے کشمیری ثقافت اجاگر کررہا ہے۔ کشمیری آزادی کے حصول کے لئے لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ حق خود ارادیت کے مجاہدین و قائدین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لاہور آرٹس کونسل فنون لطیفہ کے ذریعے کشمیریوں کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
الحمرا میں یوم استحصال کشمیر کی پر جوش تقریب‘ سائرن کی گونج‘ 1منٹ کی خاموشی
Aug 06, 2020