لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب بھر کے وکلاء پنجاب بار کونسل، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور بار ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ بار کے وکلاء نے بھی یوم استحصال منایا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وکلاء کی جانب سے پنجاب بار کونسل کے چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی جمیل اصغر بھٹی، آغا فیصل، منور اقبال گوندل سمیت وکلا کی بڑی تعدادنے بھارتی بربریت کی مذمت کی۔ وکلا کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری طاہر نصر اللہ وڑائچ، نائب صدر بیرسٹر چوہدری سعید حسین ناگرہ ، سیکرٹری بیرسٹر ہارون دوگل اور فنانس سیکرٹری ذیشان غنی سلہریا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیر کے لاک ڈاؤن کو آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے۔ تمام انسانی حقوق کے علمبردار اور UNO خاموش ہیں ہم اس بے حسی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔