حکومت کشمیر پر خاموشی توڑے‘ جہاد کا اعلان کرے: سراج الحق

Aug 06, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی اپیل پر 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اقدام اور بھارتی غاصب فوج کے مظلوم کشمیریوں کے استحصال کے خلاف آزاد و بھارتی غیر قانونی قبضہ والے جموں و کشمیر سمیت پورے ملک میں یوم سیاہ منایا گیا۔ چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز، وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کیے گئے جن میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر ڈی چوک میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر میاں محمد اسلم نے کی۔ سینیٹر سراج الحق نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سال کشمیر کے یک نکاتی ایجنڈے پر او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔ ایک منٹ کی خاموشی نہیں، خاموشی کو توڑ کر دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ کیا جائے۔ حکومت جہاد کا اعلان کرے‘ قراردادیں کوئی راستہ نہیں۔ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سینکڑوں قراردادیں پاس کر چکی ہے۔ کشمیر ہائی وے کے نام کو بحال کیا جائے۔ سری نگر ہائی وے نام رکھنا ہے تو کسی دوسری سڑک کا رکھ لیں۔ کشمیر کو جیل خانہ بنانے میں پاکستان کے حکمرانوں کا بھی ہاتھ ہے۔ حکومت جو اچھل کود کر رہی ہے یہ کشمیر کی آزادی کے لیے نہیں بلکہ قوم کو دھوکہ دینے کے لیے ہے۔ ان حکمرانوں کے آنے کے بعد معیشت تباہ اور معاشی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ یہ کہتے ہیں کہ معیشت مضبوط ہوگی تو کشمیر آزاد ہوگا۔ افغان قوم نے چالیس ممالک کی افواج نیٹو اور امریکی فوج کو شکست دی اور آخر امریکہ کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے بھارت سلامتی کونسل کا رکن بنا اور سعودی عرب اور امارات نریندر مودی کو ہار پہناتے ہیں۔ ان حکمرانوں کی صفوں میں کوئی محمود غزنوی، سلطان ٹیپو اور محمد بن قاسم نہیں آرہا۔ کشمیر کی آزادی کے لیے غیرت مند قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کے سامنے رو پڑے کہ ہم کب تک اپنے معصوم بچوں کی لاشوں کا تماشا دیکھتے رہیں گے اور اپنے جوانوں کے لاشے اٹھاتے رہیں گے۔ صدر آزاد کشمیر پاکستانی حکمرانوں کے رویے سے مایوس ہیں۔ مودی نے بابری مسجد کو رام مندر تعمیر کرنے اور کشمیر کو بھارت کاحصہ بنانے کے دو وعدے پورے کردیئے اور اب وہ آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کی باتیں کر رہاہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں کشمیر ریلی میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ کام بھارتی تخریب کاروں کا ہی ہوسکتاہے۔ مظاہرے سے امیر العظیم‘ رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں