اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کام بندر گاہوں اور سرحدوں سے منسلک موٹر ویز اور قومی شاہرات کی تعمیر، توسیع اور مرمت ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے جاری بیان میں کہا کہ ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے کے تمام حصوں پر کام جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے کو آ ئندہ سال کے وسط تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے کی بہتری اور بحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ سکھر ۔ حیدر آباد موٹر وے کا دستاویزی کام مکمل کیا جا رہا ہے اور اس کے لئے انٹرنیشنل اشتہار دیا جائے گا جبکہ ژوب۔ کچلاک شاہراہ کے ٹینڈر جلد کھولے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایچ اے کے زیر انتظام نیٹ ورک پر کوئی بھی غیر قانونی ٹول پلازہ نہیں ہے۔ این ایچ اے کے زیر انتظام ان منصوبوں کے لئے حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت خاطر خواہ فنڈز مختص کئے ہیں۔