لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر آئندہ تین برس کے لئے صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کو صدر اور لیاقت بلوچ کو سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی صدارت میں منعقد ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں رکن جماعتوں کے قائدین نے ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ایک متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔ اجلاس میں تمام رکن جماعتوں کے قائدین جن میںجماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس، تحریک منہاج القرآن (ناظم اعلی) خرم نواز گنڈا پور، سربراہ ہدیۃ الہادی پاکستان پیر ہارون گیلانی، سیکریٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان علامہ عارف حسین واحدی، سربراہ اسلامی جمہوری محاذ مولانا حافظ زبیر احمد زہیر، کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ، کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبرپیر عبد الرحیم نقشبندی، شجاع الدین شیخ، حافظ عبد الغفار روپڑی،سربراہ متحدہ جمعیت اہل حدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا ابو عمار زاہد الراشدی، پیر غلام رسول اویسی، قاری یعقوب شیخ، عبد اللہ گل، مفتی گلزار احمد نعیمی، خواجہ معین الدین کوریجہ، صابر ابو مریم، مولانا عبد المالک، پیر صفدر گیلانی، سید ناصر شیرازی، حمید الحسن رضوی، ڈاکٹر محمد حسین، سید اسد عباس نقوی اور دیگر راہنمائوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 5 اگست2019 کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ ا س روز بھارت کے فاشسٹ وزیراعظم نریندر مودی نے تمام عالمی معاہدوں، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو پامال کرتے ہوئے بھارتی آئین میں یکطرفہ متنازع ترامیم کیں۔ اعلامیہ میںکہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ہی مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں برطانیہ، روس اور اب امریکہ کی ناکامی سے عالمی برادری سبق سیکھے۔ دنیا میں فساد، جنگ و جدل اور جارحیت کے ڈاکٹرائین ناکام ہیں۔ ناجائز مقاصد کے حصول کے لیے دہشت گرد تنظیمیں پیدا کرنے سے دنیا میں فساد، عدم برداشت اور انتہا پسندی پھیل رہی ہے۔ضروری ہے کہ افغانستان میں تمام طبقوں اور خطوں کی قیادت کی ہم آہنگی کے ساتھ حکومت تشکیل پائے جو ہر لحاظ سے افغان عوام کی نمائندہ ہو۔
ابوالخیر زبیر 3 سال کیلئے صدر ملی یکجہتی کونسل‘ لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل منتخب
Aug 06, 2021