کشمیر میں جابرانہ اقدام واپسی تک بھارت سے بات نہیں کرینگے: طاہر اشرفی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیرِاعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی کا یوم استحصال کشمیر پر کہنا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں بھارت سے بات چیت کا راستہ کشمیر سے جاتاہے۔ موجودہ حکومت کشمیریوں کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے قرآن اکیڈمی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ جب تک بھارتی جابرانہ اور ظالمانہ قدم واپس نہیں ہوگا کوئی بات نہیں کریں گے۔ اس وقت تک کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔ کشمیری پاکستانی پرچم تھام کر سڑکوں پر ہیں۔ کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ اور دنیا کا مسئلہ ہے۔ عمران خان سفیر بن کر دنیا بھر میں کشمیریوں کی بات کر رہا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو حق دلوانا عمران خان کا مشن ہے۔ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عالمی دنیا توجہ کرے۔ مودی ہٹلر سے زیادہ کشمیر میں مظالم کر رہا ہے۔ اْن کا کہنا تھا کہ کل مساجد میں کشمیریوں کے حقوق، بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں گے۔ اسلامی تعاون تنظیم سمیت دیگر تنظیمیں کشمیریوں کے حقوق کی آواز اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس دہشت گردوں کا نظریہ دنیا کو دکھانا ہوگا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ صادق آباد مندر میں توڑ پھوڑ پر قانون کے مطابق کارروائی شروع ہوچکی۔ جو قانون توڑتا ہے اس کا راستہ خود قانون بنا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ صادق آباد مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے مجرم کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ مرمت کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا دفتر اس حوالے سے تمام امور کی خود نگرانی کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن