کشمیری قوم‘ مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں: رانا ثناء اللہ

Aug 06, 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ وہ کشمیری قوم، مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دو سالوں میں قربانی و جدوجہد کی عمدہ مثالیں پیش کیں جو پہلے نہیں ملتیں۔ بھارت اور مودی نے ظلم و بربریت جو کشمیر میں برپا کررکھی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ ملک پر مسلط ہے جس کی وجہ سے پاکستان وہ کردار ادا نہ کر سکا جو کرنا چاہئے تھا۔ اقوام متحدہ میں کشمیر کے حق میں ایک قرارداد پاس نہ کروا سکے۔کشمیریوں سے شرمندہ ہوکر یکجہتی کرتے ہیں۔ اللہ کشمیر کو آزاد کرے۔ شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا پر پی ٹی آئی خوب پروپیگنڈا کررہی ہے۔ حکومت نے تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا۔ سکولوں میں تو نہیں بچے گلی محلوں میں اکٹھے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارے آفس اور شریف فیملی کے گھروں کا سمارٹ لاک ڈائون کیا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ماڈل ٹائون ایک سو چالیس ایچ میں کرونا مریض  نکلے لیکن وہاں سمارٹ لاک ڈائون نہیں ہے، یہ حکومت کی انتہائی گھٹیا حرکت ہے کہ شہبازشریف کے خلاف نئی تحقیقات کا آغاز کیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  چئیرمین نیب حکومت کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ حکومت کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں کیونکہ آپکی مدت بڑھ نہیں سکتی۔

مزیدخبریں