اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ہائی کمشن کے ناظم الامور کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مراسلے میں پاکستان نے 5 اگست 2019ء کا بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام سختی سے مسترد کر دیا۔ پاکستان نے بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے مسلسل فوجی محاصرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت 5 اگست 2019ء کا غیر قانونی اقدام واپس لے بھارت کا غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرے۔ بھارت کشمیر کی ڈیمو گرافی میں تبدیلیاں روکے‘ کشمیری قیادت کو رہا کرے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تعینات اپنی 4 لاکھ فوج واپس بلائے، بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارایت دے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہو گا۔ کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کو اپنا سر جھکانا پڑے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سے متعلق ٹویٹ پر بیان میں کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ٹویٹ کرنے کے بجائے بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔
کشمیریوں کا محاصرہ‘ انسانی حقوق پامالی: پابھارتی ناظم الامور کی طلبی‘ احتجاج
Aug 06, 2021