اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) آل پاکستان وکلاء نمائندہ اجلاس نے سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ لانے کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد میں پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری سے بھی جسٹس محمد علی مظہر کی سپریم کورٹ تقرری کو مسترد کرنے کا کہا گیا ہے۔ اسلام آباد میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوشدل خان، امجد شاہ، اختر حسین اور عابد ساقی کے ہمراہ پریس بریفگ کی۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان بار کونسل نے پہلے بھی جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ لانے کی مخالفت کی۔ ہڑتال بھی کی لیکن اس کے باوجود بھی جوڈیشل کمیشن نے اپنے دوسرے اجلاس میں جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ لانے کی سفارش کر دی۔ جس پر آل پاکستان بار ایسو سی ایشنز کا اجلاس ہو ا۔ اجلاس میں تمام بارز نے متفقہ طور قرارداد منظور کی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کی بارز کے نمائندہ اجلاس میں جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ لانے کے خلاف قرارداد منظور کرتی ہیں۔