مودی حکومت کے اقدامات، عالمی قوانین ومشیت پر حملہ: بلاول

کراچی، اسلام آباد (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی)  پاکستان پیپلز پارٹی کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصالِ کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اقدام متنازعہ، یکطرفہ اور غیر قانونی ہے، یہ اقدام کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے ، مودی حکومت کے اقدامات صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام پر حملہ نہیں ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں بیان کردہ عالمی برادری کی مشیت پر حملہ ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  یہ اقدام بقائے باہمی کے اصولوں و فلسفے، جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے ، قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو انسانی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد رہے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر صرف رائے شماری کے ذریعے ہی حل ہوگا جبکہ افغانستان میں بدلتے حالات کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کو حل کرنا ضروری ہے  تاکہ یہ خطہ انار کے شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ رہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھی اب جاگ جانا چاہیے اور حالات کے مطابق اقدامات اٹھانے چاہیے، پی پی پی نہ تو بھارتی بربریت پر خاموش رہے گی اور نہ ہی کشمیر کاز کے معاملے پر سلیکٹڈ وزیر اعظم کی مجرمانہ غفلت پر چپ رہے گی۔   بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ وعدہ جو ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا اسے میں پورا کرنے کا عزم رکھتا ہوں، کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ  کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام منتظر ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی پوری قیادت متحد ہو لیکن جب سے سلیکٹڈ حکومت اقتدار میں آئی ہے  ذاتی انا و مفادات نے حقیقی قومی مفاد پر فوقیت حاصل کرلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ پاکستانی عوام اور ان کے جمہوری و آئینی ادارے کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔ بلاول بھٹو رزداری نے  یہ بھی کہا کہ میں اس کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہوں گا۔ دریں اثناء اسلام آباد  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شہید کارکنان عثمان غنی، ادریس طوطی اور ادریس بیگ کو  37 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ شہید عثمان غنی اور شہید ادریس کو 6 اگست 1984کو کوٹ لکھپت جیل، جبکہ ادریس  شہید کو 9 اگست کو ڈسٹرکٹ جیل راولپنڈی میں اس وقت ملک پر مسلط جنرل ضیاء کی آمرانہ حکومت نے پھانسی دی تھی۔ شہید کارکنان کی برسی کے موقعے پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان کی قربانیاں پاکستانی عوام کے حقوق کے لئے تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیئے جدوجہد ہمارے پاس شہیدوں کی امانت ہے،جس کا محافظ ہر جیالا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...