لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ اجلاس میں اہم امور جن میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی سے واپس لینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو پی سی ون موڈ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو حکومت اپنے وسائل سے شروع کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبے سے متعلقہ امور کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ملتان، وہاڑی روڈ اور فیصل آباد، چنیوٹ، سرگو دھا روڈ کیلئے نظرثانی شدہ پراجیکٹ پرپوزل، لاہور میں واٹر میٹر لگانے کے منصوبے کی نظرثانی شدہ پرپوزل کی بھی منظوری دی گئی۔ کھاریاں ڈنگہ روڈ پراجیکٹ کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ فولیو سے واپس لینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی درخواست پر پنجاب کے شہروں میں سٹیزن فسلیٹیشن سنٹرز کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کا اختیار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو دینے کی منظوری دی گئی جبکہ 4 شہروں لودھراں، چکوال، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں سٹیزن فسلیٹیشن سنٹرز کے قیام کے منصوبے کو پی سی ون موڈ میں شروع کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں سے متعلقہ امور کو جلد سے جلد نمٹایا جائے اور منصوبوں کے لئے ٹائم لائن مقرر کرکے تیزی سے آگے کی جانب بڑھا جائے۔ پراجیکٹس کے حوالے سے تمام قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھا جائے۔ عثمان بزدار نے سینئر صحافی و معروف کالم نگار خواجہ عبدالحکیم عامر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں علاوہ ازیں عثمان بزدار نے یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منانے پر پاکستانی قوم خصوصاً پنجاب کے عوام سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سب نے یکجا ہوکر کشمیر کاز کیلئے بھر پور آواز اٹھائی۔ رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر پاکستانی شہریوں نے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی حیثیت بدلنے کے خلاف تقریبات میںبھرپور شرکت کی اور یک زبان ہو کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ یوم استحصال کشمیر کی تقریبات میں شرکت پر اقلیتی برادریوں خصوصاً ہندو، سکھ اور مسیحی افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ زندہ قومیں چیلنجزسے اسی جذبے اورعزم کے ساتھ نبردآزما ہوتی ہیں اور پاکستانی قوم نے آج ثابت کیا ہے کہ ہم کشمیری عوام کوتنہا نہیں چھوڑیںگے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے سفیر بن چکے ہیں اور مودی سرکار کو واضح پیغام گیاہے کہ پاکستان اورکشمیر ایک ہیں۔ عالمی برادری کواب اس سلگتے مسئلے کی جانب توجہ دینا ہوگی۔عثمان بزدار نے بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عثمان بزدار، یوم استحصال منانے پر عوام کا شکریہ
Aug 06, 2021