اسلام آباد/ واشنگٹن (نامہ نگار+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) ملک بھر میں عالمی وبا کرونا وائرس کے مزید60مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 23635 تک پہنچ گئی جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے5661نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو اپریل کے بعد سے سب سے زیادہ ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد77409تک پہنچ گئی ۔ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح9.06فیصد تک پہنچ گئی۔ این سی او سی کے مطابق اب تک2 کروڑ 71لاکھ 17ہزار 311 افراد کو کرونا وائرس ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 70ہزار 536افراد کو کرونا وائرس ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی۔ اب تک70لاکھ 86ہزار 742افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1لاکھ 87ہزار 897افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی۔ اب تک ملک بھر میں ویکسین کی 3 کروڑ 42 لاکھ 4ہزار 53خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 11 لاکھ 58ہزار 433 ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کی کین سائنو ویکسین کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت مقرر کر دی۔ کرونا وائرس کی چینی کین سائنو ویکسین کی ایک خوراک 169 روپے سستی کر دی گئی ہے۔ ڈریپ کی جانب سے کین سائنو ویکسین کی ریٹیل پرائس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے ڈریپ کی نوٹیفکیشن کے مطابق کین سائنو ویکسین کی ایک خوراک کی زیادہ سے زیادہ قیمت 4 ہزار 56 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کین سائنو ویکسین کی 3 خوراکوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت 12 ہزار 168 روپے مقرر کی گئی ہے۔ علاو ازیں امریکہ میں جولائی کے آخری دو ہفتوں میں نوول کرونا وائرس کے تمام نئے کیسز میں سے ڈیلٹا قسم کا تخمینہ 93.4 فیصد لگایا گیا ہے۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت نے کرونا سے نمٹنے کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے دوسرے ممالک پاکستان کی تقلید کریں۔ پاکستان بہت اچھے طریقے سے کرونا سے نمٹ رہا ہے۔