اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز سے پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سان سنگپیو نے ملاقات کی۔جمعرات کو ہونیو الی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، تکنیکی ترقی اور تحقیق پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ فریقین نے پاکستان میں تحقیق اور ترقی کی کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں وسعت کے ساتھ ساتھ ماحول دوست طریقوں اور دونوں ممالک کے درمیان متعلقہ تکنیکی ترقی کے اشتراک میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں شخصیات نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے معاونتی اقدامات اور سائنس و ٹیکنالوجی کے حوالے سے اس پر قابو پانے کے موثر طریقوں کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔