لاہور (نیوز رپورٹر) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سے ورلڈ کالمسٹ کلب کے سینئر نائب صدر مرزا رضوان کی ملاقات کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور کشمیر کی قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کشمیریوں کے بنیادی مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، آزاد کشمیرکی نومنتخب حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کوکشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے ساتھ لیکر چلنا ہوگا ، اس موقع پر ورلڈ کالمسٹ کلب کے سینئر نائب صدر کالم نگار مرزا رضوان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، اقوام متحدہ اور عالمی دنیا قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کو ختم کرواتے ہوئے حق خود اردیت دلوانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔