لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان(نورانی) کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل سید محمد صفدر شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے 2سال سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم وستم اور بھارت کی طرف سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات کے خلاف آج بروز جمعتہ المبارک بھارت کیخلاف ’’یوم احتجاج ‘‘ منایا جائے گا ۔اس سلسلہ میں ملک بھر کی مساجد میں علماء و خطباء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم و ستم کے خلاف بھرپور احتجاجی خطابات کریں گے ۔ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں مساجد اور دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور کشمیری بھائیوں سے یکجہتی اور ان کے حق کے لئے تمام اقدامات کرنے کا اعادہ کیا جائے گا ۔ لاہور میں اس سلسلہ میں جامعہ محمدیہ رضویہ فردوس مارکیٹ گلبرگ میںجمعیت علماء پاکستان کے مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر،جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر حافظ نصیر احمد نورانی ،محمد ارشد مہر ،مفتی تصدق حسین ،رشید احمد رضوی،مولانا سرفراز قادری ،حافظ محمد سلیم اعوان،مفتی تصدق حسین، مفتی جمیل رضوی ،مولانا سعید احمد نعیم ، پیر محمد منیر قادری،قاری خلیل مہروی،قاری لیاقت علی رضوی ،مولانا سعید احمد نعیم ، مولانا محمد اعظم قادری اور دیگر قائدین یوم احتجاج پر خطاب کریں گے۔