جدہ کی ڈائری
امیر محمدخان
پاکستان مسلم لیگ ن کو چاہنے والوں کے درمیان شروع ہی سے گروپنگ رہی ہے جو ہم پاکستانیوں کی پہچان ہے ۔ مگر ان گروپوں میں خواہ مخواں کے ہر تقریب میں ”روٹی کے خواہشمندوں “ کی ہمیشہ چاندی ہوتی ہے اور وہ کبھی کہیں کبھی کہیں”ڈولتے “رہتے ہیں ، مسلم لیگ ن جب سے اقتدار سے علیحدہ ہوئی ہے اسکی سرگرمیاں بھی یہاں ختم ہوگئی ہیں ۔مسوائے مسلم لیگ سے ہمدردی رکھنے والے ملک منظور یہاں مسلم لیگ کو زندہ رکھا، جدہ میں تو اسکے اچھے وقتوں کے ساتھی نظر آنا ہی بند ہوگئے ۔کچھ خودساختہ عہدیدار تھے جنہیں کوئی بھی گروپ تسلیم نہیں کرتا تھا۔ ریاض میں جہاں رکن قومی اسمبلی چوہدری تنویر کے قریبی دوست ہیں ۔وہاں بھی دو گروپ ہیں ، مجھے علم ہے کہ چوہدری تنویر نے کوشش کی اور درخواست کی دونوں گروپوں سے کہ ایک ساتھ ملکر رہیں مگر مجال ہے جو ایسا ہوا ہو۔اگر ایماندار اورواقعی مسلم لیگ ن سے محبت کرنے والے ہیں تو انہیںایک جگہ ہونا چاہئے ، جو خود ساختہ عہدیدار ہوتے ہیں وہ اپنی جیبوں میںاگرکچھ ہے تو اسے تالہ لگا کر رکھتے ہیں ۔جدہ میں ملک منظور ہر قومی دن پر مسلم لیگیوں کو جمع رکھتے ہیں جسکے لئے وہ خود اور کھبی کبھی انکے ہمراہ مسلم لیگ ن کے مخلص عشائیہ وہ تقریبات کے خرچ اٹھاتے ہیں ۔گزشتہ دنوں جدہ میں مسلم لیگ ن ریاض کے رانا خالد جدہ اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ کی غرض سے آئے تو کچھ سابق سرگرم لو گ اکھٹے نظر آئے، یہاں ایک عجیب کام سیاسی و سوشل تنظیموں نے شروع کیا ہوا ہے وہ تقریب کی کوریج کیلئے اپنے پسند کے لوگوںکو بلاتے ہین ( میں یہاں اپنے پسند کے صحافی نہیں لکھ رہا چونکہ ان میں صحافی کم ہی ہوتے ہیں ) بہرحال سیاسی یا سماجی تنظیموں کو چاہئے کہ وہ سب کو دعوت دیں، یہاں معتبر صحافیوں کا فورم پاکستان جرنلسٹس فورم ہے جس نے کبھی کسی تقریب میں کوئی شرط نہیںرکھی کہ کس کو بلانا ہے اور کس کو نہیں ، کچھ لوگوں کی خواہش پر کچھ تنظیمیں ایسا کرتی ہیں جس میں نقصان انکا اپنا ہی ہوتا ہے ۔کہ پبلسٹی کم ہوتی ہے ۔ بہر حال جدہ میں موجود کچھ لوگوں نے جو پہلے مسلم لیگ ن میں سرگرم نظر آتے تھے ۔انکا بھی رانا خالد کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتما م ہو ا ۔اسوقت مسلم لیگ ن کیلئے سرگرمی سے کام کرنے والے ملک منظور نے بھی ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے قائد کے فیصلوں پر یکجاءہے اور ووٹ کو عزت دو کے نعرہ پر اپنی آواز ملک کے کرتا دھرتا تک پہنچا رہی ہے. پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک منظور کا کہنا تھا کہ ہم اپنی مرکزی قیادت کی پالیسیوں سے پر امید ہیں. اس مشکل وقت میں جس طرح سے نواز شریف، مریم نواز اور دیگر عہدیداران نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا ہے اسے جتنا سراہا جائے کم ہے. یقیناً یہ ایک مشکل عمل ہے اور پارٹی پہلے بھی اس طرح کے نشیب و فراز سے گزر چکی ہے. ہماری پالیسی واضح ہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت کے قیام مین میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے اور اسی عزم کو لے کر مریم نواز اپنے قائد نواز شریف کے مشن پر گامزن ہیں. انکا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کچھ گروپ اپنے آپ کو مسلم لیگ نون کا امنظور شدہ عہدیدار کہتے ہیں۔ ملک منظور کا کہنا تھا کہ اگر وہ اتنے ہی مرکز ی قیادت کے منظور شدہ ہیں تو وہ کوئی خط تو پیش کریں ۔صورتحال یہ کہ ان میں بہت سارے لوگوں کو مرکزی قیادت اور نہ ہی پاکستان میں کسی بھی سطح کا کوئی رہنماء جانتا ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کہ کرونا کے باعث مرکزی قیادت سعودی عرب کے دورے پر نہیں آسکی ورنہ گروپ بندی کے مسائل پر انسے نا صرف بات ہوتی بلکہ اس مسئلہ کا حل بھی نکالا جاتا. ہم اب بھی قیادت سے پر امید ہیں انشائاللہ وہ جلد اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے. ملک منظور نے سعودی عرب مسلم لیگ نون سعودی عرب کے نئے چئیرمین لیاقت بھٹہ اور مسلم لیگ نون جدہ کے جنرل سیکرٹری عرفان الحسن کا بھی اعلان کیا.
پاکستان اوورسیز ویلفیئر کمیونٹی
گزشتہ دنوں پاکستان اوورسیز ویلفیئر کمیونٹی نے ایک شاندار تقریب کااہتمام کیاجس میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے اراکین کو خصوصی دعوت دی گئی ۔جنرل سیکریٹری مہر اعجاز احمد نے پاک اوورسیز ویلفیئر کمیونٹی کے اغراق و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا ایک سال قبل ہم نے اسکی بنیاد رکھی ھے۔انہوں نے بتایا کہ ہماری چیئرمین بیگم فرزآنہ منیر چوہدری گزشتہ کئی سالوں سے انفرادی طور خدمت خلق کا کام کررہی ہیںانہوں نے تمام عہدیداروں کا تعارف کرایا، جس میں وائس چیئرمین منیر احمد چوہدری، صدر چوہدری شاھد امجد، سینئر نائب صدر محمد اعظم وڑائچ، جنرل سیکرٹری مہر اعجاز احمد، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری حمید خان رمدانی اور فائنانس سیکرٹری عثمان احمد وڑائچ شامل تھے۔
چوہدری ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا سیاست تو ساری زندگی چلتی رہے گی۔ زندگی کا اصل مقصد اوروں کے کام آنا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے جسکے لیے ہم افرادی اور اجتماعی طور پر کوشش کر رہے ہیں۔وائس چیئرمین منیراحمد چوہدری وائس چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ بلخصوص اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فلاحی کام کرنا خاص طور پر سفید پوش لوگوں کی مدد کرنا۔انہوں نے تنظیم کے اغراق و مقاصد کے بارے میں کہا، ہم لوگوں میں مفت ادویات، راشن، اور ناداربچوں کی اسکول کی فیس ادا کرتے ہیں۔ہماری تنظیم لوگوں سے چندہ نہیں لیتی ھے، گروپ کے ممبران افرادی طور پر اپنی مدد آپ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اللہ رب العزت کی خوشنودی کی خاطر سفید پوش لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔پاکستان جرنلسٹ فورم کی نمائندگی جنرل سیکرٹری جمیل راٹھور نے فرمائی، انہوں تنظیم کی کوششوں کی تائید کرتے ہوئے کہا نیک کام ھے، پاکستان جرنلسٹ فورم ہر سطح پر اپنے تعاون کو یقینی بنائے گی۔ خالد چیمہ اور اسد اکرم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تحریک انصاف ریاض کے نئے عہدیداروں کی تقریب
پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب ہونے والے عہدیداروں کی کامیابی او ر کشمیر میں پی ٹی آئی کی کامیابی پرتقریب کا اہتمام کیا گیا جس میںریاض ریجن کے نو منتخب عہدیداران صدر تاج محمد خان ،سینئر نائب صدر چوہدری عامر بشیر ، جنرل سیکرٹری عبدالحکیم خان ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رشاد خان مندوخیل ،انفارمیشن سیکرٹری بخت شیر علی خان ، انصاف نظریاتی پینل کے ایم سی ممبران اور وومن سیکرٹری محترمہ
رابعہ بنت طارق سیمت کثیر تعداد میں پی ٹی آئی کی خواتین ممبران نے شرکت کی سابق جنرل سیکرٹری اور موجودہ ممبر کوارڈینٹر عبداللہ ملک نے تمام آنے والے ایم سی ممبران۔ میڈیا کے نمائندوں۔ اور کمیونٹی کے معزز اراکین کو خوش آمدید کہا پی ٹی آئی کے نو منتخب عہدیداران نے تمام ایم سی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان پر ایم سی ممبران نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہیں وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرینگے اور سعودی عرب میں خاص کر ریاض ریجن میں اوورسیز کو درپیش مسائل اسفارت خانہ کی معاونت سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے.انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم پوری ٹیم کی مشاورت سے کام کرینگے اور سب کو ساتھ لیکر چلیں گے. الیکٹیڈ باڈی کے ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کی تنظیم کو مزید مضبوط کرنے، سعودی عرب میں کارکنان کومتحرک کرنے اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ایک ممبر نے اپنا کر دار ادا کرنا ہوگا.مقررین نے حالیہ کشمیر کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پر پارٹی کی اعلی قیادت اور پی ٹی آئی کے کارکنان کو مبارکباد دی اور یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا ہے ۔انشائاللہ تعالی وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور انکی پارٹی کے نو منتخب ممبران کشمیری عوام کو مایوس نہیں کرینگے ۔