کووِڈ19ماڈرنا کی ویکسین دونوں انجیکشن لگوانے کے بعد چھ ماہ تک93فی صد موثر

امریکا کی دواسازفرم ماڈرنا نے کہا ہے کہ اس کی کووِڈ19کی ویکسین کے دونوں انجیکشن چھ ماہ کے لیے 93فی صد تک موثر رہتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماڈرنا نے کلینکی جانچ میں اپنی ویکسین کے 94 فی صد تک موثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔اس طرح اب اس کے حالیہ نتائج میں کچھ زیادہ فرق نہیں پڑا لیکن اس کے باوجود اس کا کہناتھا کہ موسم سرما سے قبل کروناوائرس اور اس کی نئی شکلوں سے مقابلے کے لیے ماڈرنا ویکسین کا ایک اضافی تقویتی انجیکشن لگوانے کی ضرورت ہوگی۔ماڈرنا اور اس کی حریف فائزر اور بائیو این ٹیک ایس ای دونوں فرمیں ہی کووِڈ19سے تحفظ کی اعلی سطح برقرار رکھنے کے لیے تیسری خوراک لگوانے والے پر زور دے رہی ہیں۔ماڈرنا کے چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او)اسٹفین بانسیل کا کہنا تھا کہ کمپنی اس سال 80 کروڑ سے ایک ارب تک خوراکوں سے زیادہ ویکسین تیار نہیں کرے گی اور ہم 2021 کے لیے بھی مزید آرڈرنہیں لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کووِڈ کی ڈیلٹا شکل ہمارے لیے ایک نمایاں نیا خطرہ ہے اور ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنا ہوگا۔ویکسین کے اثرات کے ضمن میں ماڈرنا کا ڈیٹا بھی فائزر اوربائیواین ٹیک کے گذشتہ ہفتے جاری کردہ ڈیٹا کے مشابہ ہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی ویکسین کی مثریت میں ہردوماہ کے بعد قریبا6 فی صدتک کمی واقع ہوگی اوردوسری خوراک کے چھے ماہ کے بعد وہ 84 فی صد تک موثر رہے گی۔ماڈرنا نے اپنے مطالعات کی بنیاد پر دعوی کیا کہ اس کی ویکسین کی تین خوراکیں کووِڈ19کے نئی شکلوں گیما ، بیٹا اور ڈیلٹا کے مقابلے میں بہت موثرہیں اور ان سے ان تینوں نئی شکلوں سے تحفظ کے لیے بھرپورقوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔دریں اثنا فائزرکمپنی اسی ماہ ویکسین کے تیسرے انجیکشن کی منظوری کے لیے کوشاں ہے۔اسرائیل ایسے بعض ممالک نے ضعیف العمر افراد یا امراض کی زد میں آنے والے افراد کواضافی تیسری خوراک لگانے کی مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت اضافی تقویتی خوراک کی مخالفت کررہا ہے اور اس کا کہنا تھا کہ پہلے کم آمدن والے تمام غریب ممالک کو ویکسین مہیا کی جانا چاہیے اوراس کے بعد اضافی انجیکشن لگایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن