سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہوگی: شہباز شریف

Aug 06, 2021 | 14:17

ویب ڈیسک

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کہتے ہیں کہ سیاسی نفرت پر مبنی حکومتی بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہوگی ۔ سیاسی فائدے کے لیے حقائق کے برعکس بیانات باعث افسوس ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیرانسانی رویہ ہے ۔ محض سیاست کے لیے ایک فرد کوبدنام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا ۔ نواز شریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا یہ فیصلہ بھی حکومت کے سرکاری بورڈ کا تھا ،  ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق نوازشریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہوگا ۔ ڈاکٹرجب اجازت دیں گے تو نوازشریف پاکستان واپس آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کر دی گئی ہے ۔ اپیل پر فیصلہ ہونے تک محمد نوازشریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں